کامیاب طالب علم اندھیروں میں روشنی کی کرن تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے؛سیکرٹری ڈاکٹر احتشام انور

39

ملتان،29 ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے  کہا ہے کہ ایک کامیاب طالب علم اندھیروں میں روشنی کی کرن تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں سکول کونسلز کے نومنتخب صدور کے لیے تین روزہ تربیتی سیشن جس کا مقصد قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا، نظم و ضبط، اعلیٰ اہداف اور تعلیمی کارکردگی کا حصول ہے، کے اختتامی سیشن سے خطاب میں کیا۔پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کی تمام تحصیلوں کے بوائز ایلیمنٹری اور سیکنڈری سکولوں کے 60 نومنتخب صدور کو ٹریننگ دی گئی جبکہ سٹوڈنٹ کونسلز کے نومنتخب صدور کی ٹریننگ 30 ستمبر سے شروع ہو کر 2 اکتوبر کو اختتام پذیر ہو گی۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے  کہا کہ طلباء کی تربیت سکول کونسلز کے صدور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے تربیت حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیادت ایک مشن کا نام ہے اور جس شخص کی زندگی میں مثبت مشن نہ ہو وہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں گزشتہ ماہ طلبہ کونسلز کے انتخابات ہوئے، تربیت کے بعد نومنتخب صدور کونسل کے دیگر عہدیداروں کو اپنے اسکولوں میں تربیت دیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، ڈی پی آئی (سیکنڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) جنوبی پنجاب پرویز اقبال، ڈائریکٹر ایجوکیشن ملتان ڈویژن شوکت شیروانی اور سی ای او ایجوکیشن ملتان شمشیر احمد خان سمیت دیگر تعلیمی افسران موجود تھے جبکہ تقریب میں اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔