لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے زیر انتظام انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس کا آغاز

4

اسلام آباد۔23ستمبر  (اے پی پی):لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے زیر انتظام 9 ویں دو روزہ انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس کا آغاز جمعہ کو یہاں سپریم کورٹ آف پاکستان کے آڈیٹوریم میں ہوا۔ کانفرنس کا افتتاح چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کیا۔ کانفرنس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس، سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز، لاہور، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے چیف جسٹس صاحبان، آزاد کشمیر کے چیف جسٹس، گلگت بلتستان کے قائم مقام چیف جج، ایڈیشنل اٹارنی جنرل فار پاکستان، ڈسٹرکٹ جوڈیشری، سفارتکاروں، وکلا سمیت قانون اور تعلیم کے شعبہ کے ماہرین کے علاوہ مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کانفرنس کا افتتاح کیا اور کلیدی خطاب بھی کیا۔ کانفرنس سے چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت، چیف جسٹس آزاد کشمیر، اسلام آباد، لاہور، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کے علاوہ گلگت بلتستان کے ایکٹنگ چیف جج نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاکستان میں نظام انصاف کی بہتری، سستے اور بروقت انصاف کی فراہمی کے علاوہ نظام انصاف کی بہتری کے حوالہ سے اپنی تجاویز پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شعبہ کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی۔ سپریم کورٹ کے جج اور آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین جسٹس امین الدین خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ قبل ازیں 9 ویں دو روزہ انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ کانفرنس کی میزبانی کے فرائض سعد رسول ایڈووکیٹ نے سرانجام دیئے۔ واضح رہے کہ (آج) ہفتہ 24 ستمبر کو کانفرنس کے دوسرے روز مختلف سیشنز کا انعقاد ہو گا۔