لاہور؛  ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں، 68افراد گرفتار، 639 مقدمات درج

8

لاہور، 7ستمبر(اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی ہدایت پر ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف تمام اضلاع میں کارروائی جاری ہے ،گزشتہ تین روز میں 68 افراد کو گرفتار اور639 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

کارروائی سے متعلق رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں 20، راولپنڈی 35، بھکر10، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک اور اوکاڑہ میں دو افراد کو  گرفتار کیا گیا ہے۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی سے متعلق شکایات  (DVRs)کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے اورتمام محکمے اور فیلڈ افسران انسداد ڈینگی سے متعلق جاری گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کرائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابوپانے کیلئے لاروا کی تلفی نہایت ضروری ہے، اس سلسلے میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کو تیز کیا جائے۔

چیف سیکرٹری نے مچھروں کے خاتمے کیلئے فوگنگ اور سپرے  کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔

سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی  کہ سرکاری ہسپتالوں کے ڈینگی وارڈز میں مریضوں کیلئے 2574 بیڈز مختص ہیں۔310 ڈینگی مریض پنجاب کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ صوبہ میں رواں سال اب تک1623 کنفرم ڈینگی کیسز اورچاراموات رپورٹ ہوئی ہیں۔لاہور میں 731، راولپنڈی621، گوجرانوالہ119، فیصل آبادمیں 37 کیسز سامنے آئے ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری، مختلف محکموں کے سیکرٹریز اورمحکمہ صحت کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔