لاہور5ستمبر(اے پی پی): صوبائی سیکرٹری خواندگی و غیررسمی بنیادی تعلیم وجیہہ اللہ کنڈی نے کہا ہے کہ خواندگی کا عالمی دن 8ستمبر کو منایا جائیگا۔اس حوالے منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مہمان خصوصی ہوں گے۔یکم ستمبر سے پنجاب بھر میں لٹریسی ویک منایا جارہاہے تاہم سیلاب سے متاثرہ علاقوں لیہ، راجن پور اورمظفرگڑھ میں لٹریسی ڈے کی سرگرمیاں نہیں ہونگی۔ محکمہ لٹریسی عوام کی معاشرتی و اقتصادی ضرورتوں کے پیش نظر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے گزشتہ دور میں قائم کیاگیاتھا۔ محکمہ خواندگی و غیررسمی بنیادی تعلیم نے 43 لاکھ بالغ ناخواندہ افراد اور تعلیم سے محروم بچوں کو اپنے Flexible تعلیمی پروگرامز کے ذریعے خواندہ بنایاہے جبکہ ساڑھے چار لاکھ طالب علم 13ہزار 519 غیر رسمی اسکولوں میں زیرتعلیم ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی شرح خواندگی کو 2025ء تک 75 فیصد اور 2030ء تک 84 فیصد تک لے جانے کے لیے 2020ء میں پنجاب خواندگی اور غیر رسمی بنیادی تعلیمی پالیسی متعارف کرائی گئی۔اس حوالے سے جیلوں میں قائم 1273 مراکز برائے تعلیم بالغاں کے ذریعے 36900 بالغ ونو عمر قیدیوں کو بنیادی خواندگی اور Life skills فراہم کی گئیں۔اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے 10000بچوں کو 300 سے زائد غیر رسمی تعلیمی ادارے قائم کرکے داخل کیا گیا۔اسی طرح خصوصی طور پر قائم 20 غیر رسمی اسکولوں کے ذریعے خانہ بدوشوں کے 700 بچوں کو تعلیم دی گئی۔
انہوں نے کہا 13629 بچوں کو پرائمری سطح کی تعلیم دینے کے لئے مساجد/مدرسوں میں 869 غیر رسمی تعلیمی ادارے قائم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ28 مراکزبرائے تعلیم بالغاں محکمہ سوشل ویلفیئرکے دار الامان میں قائم کر کے 437 ان پڑھ خواتین کو پڑھنا لکھنا سکھایا گیا۔اسی طرح اقلیتی برادری کے 933 طلبا و طالبات کے لئے 59 مراکز برائے تعلیم بالغاں قائم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ 224 ان پڑھ بالغ خانہ بدوشوں کی تعلیم کے لیے 14 مراکزبرائے تعلیم بالغاں قائم کیے گئے۔خواجہ سرا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے97 افراد کے لیے 6 مراکزبرائے تعلیم بالغاں قائم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ21 ڈرائیورز کے لئے 1 مرکزبرائے تعلیم بالغاں خصوصی طور پر قائم کیا گیا۔پہلی بار مظفر گڑھ میں ماہی گیروں کے لئے کشتی اسکول قائم کیا گیا۔ریلوے اسٹیشن ملتان میں قُلیوں کے لئے پاکستان کا پہلا مرکز برائے تعلیم بالغاں کا قیام عمل میں لایا گیا۔اس کے علاوہ ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے خاکروبوں کے لئے پہلا مرکز برائے تعلیم بالغاں کمپنی کے احاطے میں قائم کیا گیا۔
سیکرٹری خواندگی نے کہا کہ تحصیل کوہ سلیمان ضلع ڈیرہ غازی خان کے دور دراز علاقوں میں شیڈ سکول تعمیر کیے گئے۔ 200 نوجوان مرد وخواتین کو”علم و ہنرپراجیکٹ” کے تحت خواندگی اور پیشہ ورانہ مہارت کی سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یونیسف کے تعاون سے جنوبی پنجاب میں ” “TALEEM پروگرام کے تحت 1000نئے غیر رسمی اسکول قائم کیے جا رہے ہیں۔ جائیکا اور اکلII پروگرام کے تحت Accelerated Learning Programme متعارف کرایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ6000 غیر رسمی اسکول وفاقی وزارت تعلیم کے اداروں BECS اور NCHDسے لیکر حکومت پنجاب کے حوالے کئے جا رہے ہیں۔











