ملتان، موٹروے پولیس سیکٹر ایم4 کی کارروائی، کروڑوں روپے کی ہیروئن برآمد کر لی

42

ملتان، 30ستمبر ( اےپی پی): موٹروے پولیس سیکٹر ایم4 نے بروقت بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی 18 کلوگرام ہیروئن پکڑ لی اور بین الصوبائی گروہ کے ماں اور بیٹا منشیات سمیت گرفتار کر لئے۔ سیکٹر کمانڈر ایم4 ایس پی جاوید اقبال چدھڑ نے بتایا کہ ملزمان منشیات کے سمگلر ہیں اور منشیات پشاور سے فیصل آباد لے جا رہے تھے مشتبہ گاڑی کو پہلی پٹرولنگ موبائل نے روکا جہاں وہ نہیں رکی اور ساہیانوالہ پلازہ کے قریب دو پٹرولنگ موبائلز نے ناکہ بندی کر کے گاڑی روکی اور تلاشی لینے پر بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔ ملزمان نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی جو ناکام بنائی گئی۔ گرفتار ملزمان،  مال مقدمہ اور گاڑی مزید قانونی کارروائی کے لیے ضلعی پولیس کے حوالے کر دی گئی ۔سیکٹر کمانڈر ایم4 ایس پی جاوید اقبال چدھڑ نے افسران کو شاباش دی اور آئندہ بھی اسی جوش و جذبے سے ڈیوٹی سر انجام دینے کی ہدایت کی۔