ملتان؛  یونین کونسل 34 میں گرینڈ صفائی آپریشن،تمام ملبہ اور کچرا اٹھا لیا گیا

5

ملتان، 30ستمبر(اے پی پی): ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا شہر کی یونین کونسلوں میں آپریشن کلین اپ کا سفر  جاری ہے جس کی وجہ سے شہر اولیاء کے چوک، سڑکیں اور گلیاں نکھرنے لگی ہیں۔

صفائی بارے نئی حکمت عملی کے تحت آج  یونین کونسل 34 میں گرینڈ صفائی آپریشن کیا گیا اور نواں شہر،پل موج دریا،قدیر آباد،کڑی مصری خان،گلشن آباد اورملحقہ آبادیوں میں مکمل صفائی ستھرائی کردی گئی اور تمام ملبہ اور کچرا اٹھا لیا گیا ہے۔

  کمپنی کے سی ای او محمدفاروق ڈوگر نے صفائی کا جائزہ لینے کے لئے یونین کونسل34 کا دورہ  کیا اور شہریوں سے ملاقات کی۔منیجر آپریشنز انوارالحق بھی انکے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر محمدفاروق ڈوگر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ  صفائی بارے  نئی حکمت عملی پر کامیابی کے ساتھ عمل جاری ہے اور ہر ہفتے چار یونین کونسلوں کو زیرو ویسٹ کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی میں افرادی قوت کی کمی کے پیش نظر سپیشل صفائی اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے جوکہ متعلقہ یونین کونسل کے ورکرز کے ساتھ مل کر صفائی آپریشن میں حصہ لیتا ہے۔

محمدفاروق ڈوگر نے بتایا کہ صفائی بارے نئی حکمت عملی کو عوام میں بھرپور پذیرائی حاصل ہورہی ہے اور عوام کا یہ اعتماد کمپنی  کی کارکردگی کی ضمانت ہے۔

یونین کونسل 34 کے مکینوں نےبہترین صفائی پر سی ای  او محمد فاروق ڈوگر کو زبردست خراج تحسین کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔اس موقع پر محمدفاروق ڈوگر نے ورکرز کو بھی بھر پور داد دی۔