ملتان:جنوبی پنجاب کے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے تین روزہ کیمپ کا  انعقاد

8

ملتان،28 ستمبر(اے پی پی ): جنوبی پنجاب بھر کے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے سوشل ویلفیئر آفس میں تین روزہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ مرکز برائے منشیات بحالی متی تل پر کیمپ کا افتتاح ڈی آئی جی ایسٹیبلشمنٹ جنوبی پنجاب چوہدری محمد سلیم نے کیا۔

ڈویژنل ڈائریکٹر سلیم رضا نے بریفنگ  دیتے ہوئے کہا کہ  منشیات کے خاتمے کے لیئے  پولیس متحرک  ہے، نشہ کے خلاف جہاد کی کامیابی کیلئے معاشرہ کے ہر طبقہ کو اجتماعی اور ہر فرد کو انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا منشیات سے نجات کیلئے بہاولپور میں ہسپتال فعال ہے جبکہ نشہ کے عادی افراد کی بحالی کیلئے پولیس کی طرف سے بھی آگاہی مہم چلائی جارہی ہے ۔

 ڈویژنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ نشہ کے عادی افراد کو ترک منشیات کے سلسلے میں علاج معالجہ کی ترغیب دینے کیلئے تین روزہ آگاہی کیمپ  لگایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرکز برائے منشیات بحالی میں 50مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولت حاصل ہے اور یہاں  مریضوں کو نشہ سے نجات دلوانے  کے ساتھ مختلف ہنر بھی سیکھائے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی عملی زندگی میں واپس جا کر فعال کردار ادا کرسکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اینٹی نارکوٹکس فورس کی انسپکٹر نادیہ اقبال نے کہا کہ معاشرے کو نشہ سے پاک کرنے کیلئے اردگرد کے ماحول میں مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنی چاہیئے ۔

 مرکز برائے منشیات بحالی کی  ماہر نفسیات نادیہ امین نے کہا کہ نشہ خاندانی نظام کیلئے خطرہ ہے کیونکہ  نشہ کی منفی عادت سے صرف ایک فرد نہیں بلکہ پورا خاندان متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشہ سے نجات کیلئے عادی افراد کا خود کو ذہنی طور پر تیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے بحالی کی کوششوں کے مثبت نتائج بارے کہا کہ نفسیاتی سیشن کے دوران عادی افراد کی خوابیدہ صلاحیتیں اجاگر ہوتی ہیں۔

 ممبر ایڈوائزری کمیٹی مرکز برائے منشیات بحالی زہرہ سجاد زیدی نے کہا کہ ترک منشیات کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔