نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وفد کا ملتان کور ہیڈکوارٹر کا دورہ

3

ملتان، 28 ستمبر (اے پی پی ): وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف کی خصوصی ہدایت پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وفد نے ملتان میں کور ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔  اس دورہ کا بنیادی مقصد سول اور عسکری اداروں کے باہمی تعلقات کو مزید استحکام پہنچانا اور پاکستان آرمی کی پیشہ وارانہ ، تعلیم دوست اور دانشورانہ امور کو قریب سے مشاہدہ کرنا تھا۔

 نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وفد کے لئے آرمی کی جانب سے جنگی سازوں سامان اور اسلحہ کی نمائش سمیت جنگی مشقوں اور نشانہ بازی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جسے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وفد نے بےحد سراہا۔

اس موقع پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی نہ صرف اپنے پیشہ وارانہ امور بلکہ تعلیمی، عوام دوستی اور دانشورانہ امورر میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتی۔

 وفد کے اراکین نے اپنے اس دورے کو عوام اور پاکستان آرمی کے باہمی تعلقات کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور کور ہیڈ کوارٹر کے سینئر افسران کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

وفد میں ڈاکٹر غلام مجتبیٰ ناصر اسسٹنٹ پروفیسر کمیونٹی میڈیسن ، ڈاکٹر محمد نعمان اسسٹنٹ پروفیسر فارماکالوجی اور ڈاکٹر شعیب اقبال سینئر ڈیمانسٹیٹر کمیونٹی میڈیسن سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے طلبا و طالبات شامل تھے۔