ملتان ایڈیشنل سیکرٹری صحت قرۃ العین کا نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ

7

ملتان،22 ستمبر (اے پی پی): ایڈیشنل سیکرٹری صحت قرۃ العین نے گزشتہ روز نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ دوران ملاقات مختلف پیشہ ورانہ آمور بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثنا ایڈیشنل سیکرٹری صحت نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کے ہمراہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کی فلاح و بہبود سے متعلقہ منصوبوں، جاری تعلیمی وتدریسی سرگرمیوں اور مریضوں کے لیے دستیاب طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری صحت نشتر کالج آف نرسنگ بھی گئیں جہاں پرنسپل کالج آف نرسنگ طاہرہ پروین نے انہیں کالج میں جاری پوسٹ گریجوایٹ کورسز سمیت دیگر تربیتی سرگرمیوں بارے بریفننگ دی۔ ایڈیشنل سیکرٹری صحت اسٹیبلشمنٹ قرۃ العین نے نشتر ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، نشتر میں قائم کردہ ڈینگی یونٹ، نئے آپریشن تھیٹر کمپلیکس اور پبلک ہیلتھ سکول کا بھی دورہ کیا اور نشتر انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے اپنے ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔