نارووال، یکم ستمبر( اے پی پی):چیف سیکریٹری پنجاب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کااجلاس ڈپٹی کمشنرشاہدفرید کی زیر صدارت ہوا۔ڈپٹی کمشنر نارووال نے آڑھتی نمائندگان کو آلو،پیازاور ٹماٹرسستے داموں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پیازاور ٹماٹرمیں ناجائزمنافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت قابل برداشت نہیں۔انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر سبزی فروشوں پرپیاز،لہسن اورٹماٹرپر کڑی نظررکھیں ۔
ڈپٹی کمشنرنارووال نے اس موقع پرکہاکہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں عوام کو ریلیف دینے اور گراں فروشوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں پوری طرح متحرک ہے، سبزیوں ،پھلوں اور دیگر اشیاءکی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کیلئے سبزی منڈیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ روزمرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے استحکام پر کڑی نگاہ رکھی جائے۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ دوکاندار حضرات کو کریانہ آئٹم سمیت سبزی اورپھل کی ریٹ لسٹیں بروقت پہنچائیں تاکہ دوکاندارحضرات صارفین کومقررہ نرخوں کے مطابق اشیاء فروخت کرسکیں۔
ڈی اوانڈسٹریزذیشان نیاز،ڈی ڈی زراعت تنویراحمد تتلہ،اے ڈی ایل لائیوسٹاک ڈاکٹرمحمد سعید،ڈی آئی او احسان الحق چوہدری،اے ایف سی عیش بہادرخاں،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ملک مظفرارشاد،صدرانجمن کریانہ مرچنٹ شاہجہان بٹ،حاجی رانامحمد الطاف،صدرنان ایسوسی ایشن محمد یونس،ضلعی صدربیکری ایسوسی ایشن میاں محمدشاہد،صدرقصاب ایسوسی ایشن،ممبرطارق اپل،حاجی الیاس بٹ،ودیگرپرائس کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔











