کورونا سے بچاؤ: ملتان میں بچوں کی ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا

1

ملتان ،16 ستمبر (اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ملتان میں 5 سے 12 سال تک کے بچوں میں کورونا سے بچاؤ کیلئے بچوں کی ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں چوک گھنٹہ گھر پر افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر علی مہدی نے فیتہ کاٹ کر کورونا ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا ۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام چوک گھنٹہ گھر پر آگاہی ریلی بھی نکالی گئی جس میں محکمہ صحت کے افسران اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے چوک گھنٹہ گھر میں بچوں کو اپنی نگرانی میں ویکسینیشن بھی لگوائی جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر علی مہدی نے بچوں کی ویکسینیشن مہم پر بریفنگ دی۔

رضوان نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 سے 12 سال کے بچوں کو 19 ستمبر سے گھر گھر مہم کے دوران حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے۔بچوں کو دنیا بھر کی محفوظ ترین فائزر ویکسین لگائی جارہی ہے۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر علی مہدی نے کہا کہ مہم 19 ستمبر سے 24 ستمبر تک جاری رہے گی جس میں 8 لاکھ سے زائد بچوں کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے مہم کے دوران تعلیمی اداروں پر خصوصی فوکس کیا جائے گا۔

اے پی پی /کاشف /نورین