ہنر مند افراد قوموں کی زندگی میں مثبت تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوتے ہیں؛ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

3

اوکاڑہ،23ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے ملکی ترقی کے لئے قابل ، محنتی ، علم و حرفت پر دسترس رکھنے والے افرادکی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں، یہی پڑھے لکھے لوگ ملک و قوم کا اثاثہ اور سرمایہ ہیں، پڑھے لکھے اور ہنر مند افراد قوموں کی زندگی میں مثبت تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوتے ہیں۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج کی نویں جماعت میں ساہیوال بورڈ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں کو فی کس 10 ہزار روپے حوصلہ افزائی انعام، تحائف اور تعریفی سرٹیفیکٹ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 ادارہ کی پرنسپل میڈم ثروت حسن نے سپاس نامہ پیش کیا اور ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج کی تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سر گرمیوں میں کامیابیوں سے متعلق بتایا ۔

 ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے سکول کی شاندار کار کردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام ،طالبعلموں کی کردار سازی پر توجہ دیں اور انہیں جدید علوم سے آراستہ کریں دنیا میں بدلتے ہوئے رجحانات کو پیش نظر رکھ کر طالبعلموں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے میں رہنمائی کریں ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادار ے اور اساتذہ ہی نونہالوں کی کردار سازی اور انہیں مقابلہ اور مسابقہ کی فضا کے لئے تیار کرنے کا بھی فریضہ سر انجام دیتے ہیں، ہونہار طالبعلموں کی حوصلہ افزائی ان کی صلاحیتوں کو جلا بخشتی ہے، ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج کے پوزیشن ہولڈر بچے ادارے کا فخر ہیں ۔

اس موقع پر طالبعلموں کے والدین اور اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔