آج  تحریک انصاف کے  جو تھوڑے سے کارکنان سڑکوں پر نکلے وہ صوبائی حکومتوں کی ایِما پر آئے؛ رانا ثنا اللہ

15

اسلام آباد،21اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ دوسروں پر جھوٹے الزام لگانے والا آج خود چور ثابت ہوگیا ہے ، آج  تحریک انصاف کے  جو تھوڑے سے کارکنان سڑکوں پر نکلے وہ صوبائی حکومتوں کی ایِما پر آئے ۔

وہ جمعہ کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آج چور   پکڑا گیا ہے ،الیکشن کمیشن نے اس چور کو پکڑا ہے ، اپنی طرف سے، اپنی قیادت ، پاکستانی قوم اور مسلم لیگ ن کی طرف سے الیکشن کمیشن  کی جانب سے فتنہ خان کو بے نقاب کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، الیکشن کمیشن نے عمران خان  کے  مکروہ چہرے اور جعلی صادق و امین کو بے نقاب کیا ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے پولیس افسران اور اتنظامیہ کو کہنا چاہتا ہوں کہ چور کے تابع بننے کی بجائے ریاست اور قوم کے ساتھ کھڑے ہوں  ، پنجاب میں لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، خفیہ ایجنسیوں سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق مخصوص مقامات پر 30 سے 40 لوگ باہر نکلے  ،  جو ٹریفک میں خلل ڈال رہے ہیں ، پنجاب اور کے پی کے کے آئی جیز ، آر پی اوز اور چیف سیکرٹریز عوام کی مشکلات کو دور کریں اور چور ٹولے کے حواریوں سے نمٹیں  ۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں بیٹھے ہوئے چوروں سے کہتا ہوں کہ ابھی تو ایک کیس کا فیصلہ ہوا ہے ،ابھی پنکی پیرنی ، فرح گوگی سمیت دیگر کیسز کے فیصلے باقی ہیں ۔