سیالکوٹ،8اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا کوئی خوف نہیں ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کرلیں، ہم ضمانتوں کے لئے عدالت کے چکر نہیں لگائیں گے،آڈیو لیکس سے عمران خان کا بیانیہ عوام کے سامنے عیاں ہو چکا ہے اب وہ پھر سے ایک نیا جھوٹا بیانیہ عوام کے سامنے لا رہے ہیں جس میں انہیں کامیابی نہیں ملے گی کیونکہ عوام عمران خان کی اصلیت جان چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پرایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا کوئی خوف نہیں ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کرلیں، ہم ضمانتوں کے لئے عدالت کے چکر نہیں لگائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سازشی بیانیے اور سائفر کی حقیقت آڈیو لیکس میں سامنے آچکی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ ساری باتیں عوام کے سامنے کھل کر آرہی ہیں، عمران خان کےسارے دعوے زمین بوس ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ امریکا کا نام نہیں لو، امریکا کا تحفظ کرنا ہے، جس طرح لوگ اپنے مائی باپ کا تحفظ کرتے ہیں عمران خان امریکا کا تحفظ کر رہا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان ہارس ٹریڈنگ کو شرک قرار دیتا ہے لیکن دوسری جانب اسکی لیک ہونے والی آڈیو میں وہ خود ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کر رہا ہے کہ 5 لوگ اسکے پاس موجود ہیں بس 5 اور ہو جائیں تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے جھوٹا شخص میں نے آج تک نہیں دیکھا جو کبھی کچھ تو کبھی کچھ کہتا ہے ، میں نے تو 2012 میں بھی کہا تھا کہ عمران خان ڈبل شاہ ہے جسکا مقدمہ ابھی بھی چل رہا ہے جس میں پیش نہ ہونے پر عمران خان کو دو مرتبہ جرمانہ بھی ہو چکا ہے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے مجھ سےکہا تھا کہ مونس الہٰی پر نیب کے کیس ہورہے ہیں، ایسے شخص کے ساتھ کیسے رہ سکتا ہوں جو یہ سب کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں نے نیوٹرل رہنے کا اعلان کیا ہے، عمران خان کو ان اداروں کے نیوٹرل رہنے سے بڑی تکلیف ہوئی ہے حالانکہ اداروں کے نیوٹرل ہونے کا مطلب آئین و قانون کی پاسداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اخباری کالم میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان نے صدر مملکت کو منتیں کر کے آرمی چیف کے پاس بھیجا، ان کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی اور مدت ملازمت میں توسیع کی پیشکش کی گئی، صدر مملکت نے آرمی چیف کو آئندہ برس مارچ اپریل تک توسیع دینے کی پیشکش کی۔
خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے رانا ثنااللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں لیکن ہم نے پہلے بھی جرات و بہادری سے اپنے اوپر دائر کیسز کا مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے ، ہم پنجاب حکومت سے ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی ہمیں پنجاب حکومت کا کوئی خوف ہے، ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف اپنی ذات تک محدود ہے اسے کسی سے کوئی سروکار نہیں ویسے بھی جو بندہ اپنی اولاد اور اپنے خون کا وفادار نہیں وہ کسی اور کا وفادار کیسے ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو ختم کرنے کا دعوے دار عمران خان خود کرپشن کا بے تاج بادشاہ ہےاور ٹیکس چور ہے جس نے اپنی بہنوں اور فرح گوگی کو این آر او دیا ہے، عوام کے سامنے ساری باتیں کھل کے سامنے آ رہی ہیں آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی اور انکی قیادت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے جو 190 ملین پائونڈ بھیجا ہے وہ پاکستانی حکومت کا ہے لیکن عمران خان نے اسے ملک ریاض کے لائی ابیلٹی اکائونٹ میں کریڈٹ کر دیا ہے ۔جان سے مارنے کی سازش کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ایسی باتیں کرکے نیا بیانیہ تیار کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں، اس حوالے سے عمران خان ویڈیو ریلیز کرنے کی بات نہ کریں بلکہ ریلیز کردیں تاکہ انکی جان بھی بچ جائے۔
ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ سیلاب کی صورت میں پاکستان پر کڑی مشکل آئی لیکن مجال ہے کہ عمران خان یا اسکا کوئی اور ساتھی سیلاب میں پھنسے عوام کی مدد کو پہنچا ہو اور پہنچیں گے بھی کیونکہ انہیں صرف اپنی ذات کی فکر ہے ملک و قوم کی ان لوگوں کو کوئی فکر نہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ ہمیں تو یقین ہے کہ عمران خان کی آڈیوز اصلی ہیں انہیں اگر شک ہے تو وہا سکی فرانزک کرا لیں پاکستان پر تو انہیں اعتبار نہیں وہ کہیں باہر سے ہی کرا لیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف ضرور اپنے وطن واپس آئیں گے کیونکہ یہ انکا ملک ہے اور وہ تین بار اس لک کے وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں انکی ملک و قوم کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں وہ جلد اپننے وطن واپس آئین گے اور ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔











