ملتان، 08 اکتوبر 2022(اے پی پی ):تعلیمی بورڈ ملتان میں عشرہ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں نور محفل کا انعقاد کیا گیا ، جس کی صدارت چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان حافظ محمد قاسم نے کی ۔تقریب کے مہمان خصوصی جناب خرم قریشی ،سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان تھے ۔ملک نثار احمد ،صدر،شیخ عمران حسین جنرل سیکرٹری ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے علاوہ کثیر تعداد میں بورڈ ملازمین اور ان کے بچوں نےاس بابرکت محفل میں شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا،نعت رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت سیکرٹری بورڈ ،چئیرمین بورڈ اوردفتر ہذا کے اہلکار محمد حنیف کمال ،محمد انور شاہ بخاری نے حاصل کی ۔دفترہذا کی مسجد کے خطیب قاری عبد الرزاق نے آیات مقدسہ کی روشنی میں آ پ ﷺ کی شان بیان کی ۔
سیکرٹری بورڈ خرم قریشی صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی پر نور اور بابرکت محفل میں شریک ہونا باعث رحمت وثواب ہے ۔ہمیں آ پ ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے تاکہ دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کریں ۔
چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آ پ ﷺ سے محبت وعقیدت کا تقاضا ہے کہ ہم آپ صﷺکے بتائے ہوئے راستے پر چلیں آپ ﷺ سنت پر عمل پیرا ہوں تاکہ ہم دنیا آور آ خرت میں کامیاب ہوں۔ہم میں سے ہر شخص جنت میں داخل ہونے کا خواہش مند تو ہے مگر جنت میں جانے والے اعمال نہیں کرتا ۔
تقریب کے اختتام پر قاری عبد الرزاق نے ملک کی ترقی ،سلامتی اور استحکام کی دعا کی۔











