اساتذہ قوم کے معمار ہیں،ان کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے؛ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی

34

لاہور،05 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں،ان کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت اساتذہ کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے   بدھ کو  یہاں   گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج چونا منڈی کے ٹیچنگ سٹاف سے   ملاقات میں کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کنٹریکٹ اساتذہ کے معاملے پر ہمدردانہ غور کی یقین دہانی کرائی۔  وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کالج اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے فول پروف سسٹم وضع کرنے کی ہدایت بھی دی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر سیکرٹریز ہائر ایجوکیشن،ریگولیشن اور قانون پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی 14 روز میں اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کرے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اساتذہ محنت اورجذبے سے قوم کے نونہالوں کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنے کا فریضہ سرانجا م دے رہے ہیں، تعلیمی اداروں میں طلبہ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رحجان کو روکنے کیلئے سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں، تعلیمی اداروں میں منشیات کازہر پھیلانے والوں کو کڑ ی سزائیں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منشیات کے سدباب کیلئے بااختیار ادارہ بنایا جائے گا۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ خصوصی عدالتیں اور پولیس سٹیشن قائم کئے جائیں گے، اساتذہ کرام تعلیمی اداروں میں منشیات سے بچاؤ کیلئے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا موثر کردارادا کریں، دین سے لگاؤ اوردینی تعلیم بھی منشیات سے بچاؤ کا ذریعہ ہے۔

سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔