انٹرنیشنل مین اور ویمن اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز 19اکتوبر سے ہو گا

14

اسلام آباد،18اکتوبر(اے پی پی): پاکستان سکواش فیڈریشن اور پاک فضائیہ کے تعاون سے مصحف سکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں چیف آف دی ایئر اسٹاف، سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل مین اسکواش چیمپئن شپ اور سرینا ہوٹلز کومبیکس اسپورٹس انٹرنیشنل ویمن اسکواش چیمپئن شپ-2022 منعقد کی جا رہی ہے۔ ٹورنامنٹ 19 تا 23 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں  30,000 اور 12,000 امریکی ڈالر انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔

 افتتاحی تقریب 19 اکتوبر کو منعقد کی جائے گی جبکہ چیمپئن شپ کا فائنل 23 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں 16 ممالک کے کل 48 کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں جرمنی، سپین، مصر، سنگاپور، آسٹریا، ملائیشیا، سربیا، امریکہ، برازیل، ہنگری، انگلینڈ، قطر، جمہوریہ چیک، ایران، کویت اور پاکستان کے کھلاڑی شامل ہیں۔

 یہ ٹورنامنٹ قومی اور بین الاقوامی سطح پر سپورٹس کے فروغ اور ترویج کے لیئے پاک فضائیہ کے عزم کی واضح دلیل ہے۔