اوکاڑہ؛ ڈپٹی کمشنرعرفان علی کی ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کرنے والے صنعتی یونٹوں کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت

2

اوکاڑہ،11اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا نےبھٹہ خشت اور صنعتی یونٹوں کا دورہ کرتے ہوئے ضلع میں انسداد سموگ اور ماحولیاتی آلودگی  میں اضافہ کرنے والے صنعتی یونٹوں کے خلاف ایکشن لینے کی  ہدایت کی ہے ۔

 ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ انسداد سموگ موجودہ موسمی حالا ت میں اہم ترین معاملہ ہے، ہمیں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے اجتماعی اور انفرادی سطح پر اقدامات کرنا ہیں، سرکاری ادارے سموگ کے خاتمہ کے لئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملد رآمد کو یقینی بنائیں ۔

 اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد سموگ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں کاروائیاں کر رہی ہے، وہ صنعتی یونٹ جو حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور انہوں نے آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے متعلقہ فلٹرز نہیں لگائے وہ بھٹہ خشت جو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہیں ہوئے اور رہائشی علاقوں میں چلنے والے صنعتی یونٹ جنہوں نے حکومتی ہدایات کے برعکس کام جاری رکھا ہوا ہے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔