پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس ،علاقہ دارالحکومت اسلام آباد گھریلو ملازمین بل 2022ء کی منظوری دے دی گئی

19

اسلام آباد۔11اکتوبر  (اے پی پی):پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں علاقہ دارالحکومت اسلام آباد گھریلو ملازمین بل 2022ء کی منظوری دے دی گئی۔ منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی زہرہ ودود فاطمی نے تحریک پیش کی کہ قومی اسمبلی کی جانب سے منظور کیا گیا اور سینیٹ  کی جانب سے 90 دنوں کے اندر منظور نہ کیا گیا علاقہ دارالحکومت اسلام آباد میں گھریلو ملازمین کے روزگار کے انضباط کے اہتمام کا بل علاقہ دارالحکومت اسلام آباد گھریلو ملازمین بل 2022ء فی الفور زیر غور لایا جائے۔ ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد سپیکر نے بل کی تمام شقوں کی منظوری حاصل کی جس کے بعد زہرہ ودود فاطمی نے تحریک پیش کی کہ علاقہ دارالحکومت اسلام آباد گھریلو ملازمین بل 2022ء منظور کیا جائے۔ پارلیمنٹ نے بل کی منظوری دے دی۔