اوکاڑہ،7اکتوبر(اے پی پی): موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہیں۔ ہمیں اس وقت پودے لگانے اوردرختوں کی حفاظت کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی ضرورت۔ اس امر کی ہے کہ قومی اہمیت کے کام میں ہر شخص حصہ لے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ تمام شہری بھی پودے لگائیں اور درختوں کی حفاظت کے سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہمیں اللہ تعالیٰ نے زرخیر زمین،میٹھا پانی اور بہترین موسموں سے نوازا ہے۔ ہمیں قدرت کی ان مہر بانیوں سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ درخت اس دنیا میں زندگی کی بقاء کے لئے ضروری ہیں اور ہمیں ایک سرسبزو شاداب پاکستان کے لئے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہے۔ ان خیالات کا اظہا رڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وٹکٹ ہولڈر رائے حماد اسلم کھرل،پاکستان مسلم لیگ ق یوتھ ونگ پنجاب کے صدر میاں احمد بوٹی اور رائے فاروق نے بائی پاس اوکاڑہ پر شجرکاری مہم کے تحت پود ے لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا سمیت شرکاء تقریب نے اپنے ہاتھوں سے پودے لگائے ۔اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مشتاق حسین چغتائی،ایس ڈی او فاریسٹ افتخار حسین جنجوعہ نے ضلع میں جاری شجر کاری مہم ضلع کی تینوں تحصیلوں میں پودے لگانے اور ان کی دیکھ بھال کے لئے وضع کئے گئے میکانزم سرکاری اداروں کو گورنمنٹ کی نرسریوں سے پودے فراہم کرنے سرکاری اداروں کی جانب سے کی جانے والے شجرکاری اور گنجان آباد علاقوں میں پودے لگانے کی سکیم سے متعلق بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مشتاق حسین چغتائی اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ وہ پودے لگانے کے مطلوبہ ہدف کے حصول کے لئے شجرکاری مہم میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ طالبعلموں کی شرکت کو یقینی بنائیں ۔











