اوکاڑہ: پولیو مرض کا خاتمہ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے؛ڈپٹی کمشنر    

18

اوکاڑہ،24اکتوبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی جنگ میں صف اول پر موجود افراد کی محنت اور انتھک تعاون قابل تحسین ہے، پولیو مرض کا خاتمہ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےپولیو سے بچاﺅ کے عالمی دن کے حوالہ سے منعقدہ تقریب کےشرکاء سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے افسران اور انسداد پولیو ویکسیئن پلانے والے اس مرض کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اس ضمن میں علماء کرام، سماجی تنظیموں اورمیڈیا کا کردار بھی قابل تعریف ہے۔

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا  نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے اپناکردار قومی فریضہ کے طور پر ادا کرناہو گا اور ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں اس وقت صرف دو ممالک پاکستان اور افغانستان ہیں جہاں یہ موذی مرض موجود ہے ہمیں اس مرض کے خاتمہ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ہر مہم میں پلانا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان میں پولیو ویکسیئن سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈہ نئی نسل کے مستقبل سے کھیلنا ہے ایسے افراد اپنے بچوں کی صحت کے دشمن ہیں۔

 تقریب میں ڈپٹی کمشنر  نے چیف ایگزیکٹوآفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مہاراختر حسین، یونیسف کے ضلعی نمائندہ ڈاکٹراحمد سروش کے ہمراہ انسداد پولیو مہم میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران،علماء کرام، سماجی تنظیموں کے نمائندوں کو حکومت پنجاب کی جانب سے شیلڈز اور سرٹیفکیٹس دیے جن میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکیپٹن ریٹائرڈ محمد فرقان بلال ، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال سٹی ڈاکٹرسید سجاد حسین گیلانی ، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال ساﺅتھ سٹی ڈاکٹرذوالفقارحیدر جام، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر ذوالفقارعلی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر1122 ظفراقبال،ڈسٹرکٹ ڈیمو گرافر محکمہ پاپولیشن ویلفیئر محمد بخش،(سی او ڈی پی سی آر) محمد اسد اللہ،ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید عثمانی، صدر سماجی تنظیم موومنٹ اگینسٹ ڈرگ ابیوز ’ماڈا‘ محمد مظہر رشید چودھری، صدر پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن خالد ذیشان،عرفان اعجاز، رائے یسٰین اویسی ،پی ایس ڈپٹی کمشنررانا عبدالحفیظ،غلام مصطفیٰ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن رجسٹرار،انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے وسیم طارق، عدنان رسول و دیگر شامل تھے۔