ملتان؛ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے سموگ کی روک تھام کے لئے اقدامات شروع کر دئیے

15

ملتان، 24اکتوبر(اے پی پی): بدلتے موسم میں سموگ کے خدشہ کے پیش نظر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی متحرک ہوگئی ہے اور سموگ کی روک تھام کے لئے اقدامات شروع کردئے گئے ہیں۔

 سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی  محمد فاروق ڈوگر نے کوڑے کو آگ لگانے ولوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کوڑا جلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرے۔

 یونین کونسل7 کے دورہ کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمدفاروق ڈوگر نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں کوڑے کو آگ لگانے پر دفعہ144 کے تحت پابندی عائد ہے اور کوئی بھی شہری دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف مقدمہ درج کرا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینر کے اندر کوڑے کو آگ لگانا دہرا جرم ہے جس نہ صرف آلودگی پھیلتی ہے بلکہ اس سے کنٹینر بھی تباہ ہوجاتا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی شہری کنٹینر میں کوڑے کو آگ لگاتے پکڑا گیا تو اس سے کنٹینر کی قیمت بھی وصول کی جائیگی۔

محمدفاروق ڈوگر نے بتایا کہ کوڑے کو آگ لگانے سے ماحولیاتی آلودگی پیدا ہوتی ہےجوکہ موسمیاتی تبدیلی کا باعث بن رہی ہے جس کے تباہ کن اثرات مرتب ہورہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی  نے سموگ بارے آگاہی دینے کے لئے سوشل  موبالائزیشن شروع کردی ہے۔

سی ای او  نے بتایا کہ سموگ کے اثرات سے بچنے کے لئے  صبح کے اوقات میں شہری کام پر اور بچے سکول جاتےوقت ماسک استعمال کریں۔ انہوں نے موٹر سائیکل پر سوار ہوکر یونین کونسل 7 کی گلیوں محلوں میں صفائی کا جائزہ لیا۔