اٹک؛  کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے  تقریب اور واک کا اہتمام

30

اٹک،27 اکتوبر (اے پی پی): یوم سیاہ کے حوالے سےکشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تقریب اور واک کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک ذوالفقار احمد نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے کشمیر کا بھارت کے ساتھ غیر قانونی و غیر فطری الحاق کیا جس کے بعد بھارت نے27اکتوبر1947کو اپنی افواج کشمیر میں اتار کر یہاں پر قبضہ کر لیا۔کشمیری اس دن سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں اب تک پانچ لاکھ شہادتیں ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانچ اگست2019 کو بھارت نے ظالمانہ قوانین نافذ کرتے ہوئے مقبو ضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر دیا اور ان پر ظلم وستم کے پہاڑتوڑنا شروع کر دیئے، آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چائیے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک ذوالفقار احمد نے کہا کہ کشمیریوں کو آزادی نہ دے کر انکا بنیادی حق پا مال کیا جا رہا ہے جو انتہائی زیادتی ہے،بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے حقوق پامال کر تے ہوئے گذشتہ دو سال سے ان کی آزادی سلب کی ہوئی ہے اور ہمارے کشمیری بھائی انتہائی مشکل زندگی بسر کر نے پر مجبور ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام عالم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور بھارت کو مجبور کریں کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے اور انہیں ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک ذوالفقار احمد نے کہا کہ کشمیری عوام ڈوگرہ راج کے وقت سے آزادی کیلئے  کوشاں ہیں اور آج بھارت ان پر ظلم وستم ڈھا کر ان کی آواز کو دبانا چاہتا ہے جو ممکن نہیں ہے،پاکستانی عوام بھر پور انداز میں کشمیری عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں جس سے بھارت سفار تی معاذ پر تنہا رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ظلم وستم کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔

 تقریب سے خطاب کر تے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیر کی جنگ بیانیہ کی جنگ ہے اور آج پاکستان کی عوام اس جنگ میں کامیاب ہوئی ہے،اب کشمیر کی جنگ 22 کروڑ عوام لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ آخری سانس تک جاری رہے گی۔

مقررین نے خطاب کر تے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔تقریب میں طلباء کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی انہوں نے ہا تھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے۔

 یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے واک ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔واک کے دوران شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیریوں سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔ واک کے دوران مختلف شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کشمیر یوں کی حق خود ارادیت اور بھارت کے ظلم وستم پر  پُر جوش نعرے لگائے۔

اٹک میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں ریلیز اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام نے کشمیری عوام کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔