بورے والا،04اکتوبر(اے پی پی): نواحی گاوں 142/ای بی3چک گجراں والا میں آل پاکستان سپرفور اوپن شوٹنگ والی وال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں شوٹنگ بال کے قومی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ باسط شوٹنگ کلب خوشاب اور نوید وڑائچ کلب کے مابین کھیلا گیا جسے خوشاب کی ٹیم نے 30 کے مقابلہ میں 36 پوائنٹس سے جیت کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
ٹورنامنٹ کو دیکھنے کے لئے گراونڈ میں شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی ڈاکٹر نصر اقبال نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پرمہمان خصوصی ڈاکٹر نصر اقبال کا کہنا تھا کہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں، نوجوان نسل کیلیے ایسے کھیلوں کے مقابلے صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے علاوہ نئے ٹیلنٹ کو اوپر آنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔











