بہاولنگر،16اکتوبر( اے پی پی ): حلقہ پی پی 241 ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، ووٹرز اپنا حق رائے دہی جوش و خروش سے سرانجام دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی ، مسلم لیگ ن ، تحریک لبیک ، جماعت اسلامی سمیت 7 امیدوار مدمقابل ہیں۔ پی ٹی آئی کے امیدوار ملک محمد مظفر خان اور مسلم لیگ ن کے امان اللہ ستار کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
پی پی 241 میں 2 لاکھ 37 ہزار 46 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 57 ہے خواتین ووٹرز کی ایک لاکھ 7989 ہے۔حلقہ میں 168 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں ، 16 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ،10 پولنگ اسٹیشنز حساس جبکہ 142 بی کیٹیگری میں شامل ہیں۔
مردانہ پولنگ اسٹیشنز 35 ،خواتین پولنگ اسٹینز کی تعداد 31 جبکہ 102 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں ۔
حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیئے گئے ہیں ، اے سی آفس میں قائم کنٹرول روم سے پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کی اضافی نفری کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی تعینات ہونگے۔2500 سے زائد ہولیس ، رینجرز اہلکار و افسران سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
رینجرز اہلیٹ فورس، ڈولفن فورس، محافظ اسکوارڈ سمیت قانون نافز کرنے والے ادارے گشت جاری رکھیں گے، مسلح گارڈ لیکر چلنے اور اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہے ۔
حلقہ پی پی 241 کی نشت ن لیگ کے کاشف محمود کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، پولنگ کے عمل کی ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔











