فیصل آباد، 16اکتوبر(اے پی پی):قومی اسمبلی فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 کے ضمنی الیکشن میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 224 رب میں قائم پولنگ سٹیشن پر 95 سالہ بزرگ خاتون حاکم بی بی بیوہ مہر دین نے بھی ووٹ ڈالاجبکہ کئی معذور افراد بھی ووٹ کاسٹ کرنے آئے۔ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول 224 رب میں قائم پولنگ سٹیشن میں 71 سالہ معذور ووٹرمحمد اسلم ولد اللہ دتہ مرحوم نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا جسے موٹر سائیکل پر پولنگ سٹیشن تک لایا گیا اور اس نے اپنی پسند کے امیدوار کے حق میں ووٹ کاسٹ کیا۔
اسی طرح ایس ٹی کیتھرین گرلز ہائی سکول وارث پورہ کے زنانہ و مردانہ مشترکہ پولنگ سٹیشن اور دارالہدیٰ ہائی سکول میں قائم پولنگ سٹیشن پر بھی کئی عمر رسیدہ، مفلوج و معذور افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے بعض ووٹرز کو وہیل چیئرزپر بھی لایا گیا جنہیں ترجیحی بنیادوں پر فوری ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔
یاد رہے کہ مذکورہ حلقہ میں پی ٹی آئی کے عمران خان اور پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار چوہدری عابد شیر علی وغیرہ کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے۔ مذکورہ نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے فرخ حبیب کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سال 2018 کے عام انتخابات میں مذکورہ حلقہ سے پی ٹی آئی کے فرخ حبیب نے 112740 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری عابد شیر علی نے 111529 ووٹ لئے تھے۔











