جبری گمشدگی کے خلاف قانون کو پارلیمنٹ نے مشترکہ طور پر منظور کیا ہے؛اعظم نذیر تارڑ

66

لاہور،23 اکتوبر ( اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور قوانین شخصی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے ، جبری گمشدگی کے خلاف قانون کو پارلیمنٹ نے مشترکہ طور پر منظور کیا ہے ، وزیراعظم شہبازشریف نے حکومت سنبھالتے ہی جبری گمشدگی پر کابینہ کی سات رکنی کمیٹی بنائی ۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اتوار کو  یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ دو روزہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جبری گمشدگیوں کا مسئلہ دہائیوں پر محیط ہے،سرکاری اداروں سے بات کرلی گئی ہے اور گمشدگیوں کے مسئلے کے حل کیلئے 8 رکنی کمیٹی اپنی سفارشات نومبر کے وسط تک پارلیمنٹ میں پیش کرے گی اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی اس پر بحث کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا عزم ہے کے اس معاملے پر قانونی اور عملی  اقدامات کرے، انشااللہ آنے والے ہفتوں میں اس معاملے پر واضح فرق نظر آئے گا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جب ہماری اتحادی حکومت قائم ہوئی تو وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس معاملے پر اپوزیشن سمیت  تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا اور اس پر بحث کروائی اور 8رکنی کمیٹی کو جون میں کام کرنے کا ٹاسک دیا گیا ۔