چنیوٹ،09اکتوبر(اے پی پی): ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح ضلع چنیوٹ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ انجمن رضائے مصطفی چنیوٹ کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے برآمد ہوا۔عید میلاد النبی ﷺ12 ربیع الاول کو ضلع بھرمیں کل 33 جلوس نکالے گے اور 6 محافل کا انعقاد ہوا۔ضلع بھر کی تنیوں تحصلیوں چنیوٹ بھوانہ اور لالیاں میں انجمن رضا مصطفی چنیوٹ اور جماعت اہلسنت کی دیگر ذیلی تنظیموں کے زیر اہتمام بارہ ربیع الاول کے جلوس نکالے گئے۔
جشن عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس مرکزی جامع مسجد کھوکھرانوالی سے برآمد ہو ا جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوامیلاد چوک میں جاکر اختتام پذیر ہو گیا۔دعوت اسلامی چنیوٹ کے زیر اہتمام مرکز فیضان مدینہ سالارہ روڈ سے بھی ایک بہت بڑا جلوس نکالا گیا۔جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں انجمن فروغ میلاد مصطفی ٹبہ لوہاراں مسلم بازار چنیوٹ کے زیر اہتمام ایک بہت بڑا عظیم الشان جلوس نکلا گیا۔
جلوس کے شرکاء نے بڑے بڑے بینرز، سبز ہلالی جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور فضا مرحبا یا مصطفی کے نعروں سے گونجتی رہی۔جلوس میں ہزاروں عاشقان مصطفی ﷺ نے شرکت کی جبکہ جلوس کی قیادت جماعت اہلسنت، انجمن غلامان مصطفی، اور جان نثاران تاجدار ختم نبوت کے جنر ل سیکرٹری خواجہ معین الدین، پیر سید محمد طاہر شاہ، انجمن رضا مصطفی کے اراکین مولانا نعیم الدین اور مولانا ظہیر الدین، پیر زادہ اقبال حسین، محمد حبیب قادری، اور دیگر علما کرام نے کی۔
تمام جلوسوں،محافل پر سینئر پولیس افسران سمیت7سو سے زائد پولیس افسران و ملازمان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔جلوسوں،محافل پر تھری لیئر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے،حساس پوائنٹس پر چھتوں پر مسلح جوان تعینات ہیں،ایلیٹ فورس کی ٹیمیں اور محافظ سکواڈ جلوسوں کے ساتھ گشت کر رہے ہیں،تمام سرکلز میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرو نفری سٹینڈ ٹو ہے۔ریلیوں اور محافل کے دوران میٹل ڈٹیکٹرز کے ذریعے اور فزیکل سرچ سے تلاشی لی جا رہی ہے، اہم مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گے ہیں۔جلوسوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے گا۔اہم جلوسوں اور مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گے ہیں۔تمام جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جا رہی ہے۔سیکیورٹی انتظامات کو مانیٹر کرنے کے لیے ڈی پی او دفتر میں مانیٹرنگ روم بنایا گیا ہے۔ تمام ذرائع بروئے کار لاکر امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔











