عارف والا؛12 ربیع الاول کی مناسبت سے جلوس عید میلاد النبی ﷺ  نکالا گیا

83

عارف والا،09اکتوبر(اے پی پی):جشن عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا مرکزی جلوس جامع مسجد غلہ منڈی عارفوالا سے زیر قیادت جماعت اہلسنت پنجاب کے  امیر پیر سید خلیل الرحمان بخاری نکالا گیا،جلوس میں ہزاروں عاشقان رسول ﷺنے ہاتھوں میں سبز پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر آمد مصطفے ﷺ کی تحریریں درج تھیں۔

جلوس میں عاشقان رسولﷺنے پیدل،موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے زریعے شرکت کی۔ جلوس میں درود وسلام کے ترانے گونجنے سے فضآء معطر ہوگئی۔جلوس مختلف راستوں سے گزر کر چوک شفیع شادی پہنچا جہاں پر ملک کے نامور مقرر مفتی آصف اقبال رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار مدینہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے،آپ ﷺ کی آمد سے دنیا میں ظلم و ستم کے بادل چھٹ گئے اور اسلام کا جھنڈا بلند ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ نبی اکرم نور مجسم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

 جلوس میں ملکی سلامتی اور امن کے لئے دعا کی گئی۔جلوس کے راستوں پر دودھ کی سبیلیں اور لنگر کا وسیع انتظام کی گیا تھا جبکہ جلوس کے ہمراہ پولیس کی نفری بھی جگہ جگہ تعینات کی گئی تھی۔