حسن ابدال،29اکتوبر(اے پی پی): سکھ مذہب کے تاریخی دن (ساکا) کی سو سالہ تقریبات کا آغاز گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہو گیا ہے ۔ تقریبات 1922 میں پیش آنے والے واقع کے سو سال مکمل ہونے کی یاد میں منعقد کی جا رہی ہیں جس میں سکھوں نے گرفتار ساتھیوں کی ٹرین حسن ابدال ریلوے اسٹیشن پر روکنے کی کوشش میں شہادتیں پیش کی تھیں۔
تقریبات میں بھارت سمیت دنیا بھر سے بڑی تعداد میں یاتری حصہ لے رہے ہیں۔ بھارت،اٹلی اور لندن سے 199 سکھ یاتریوں کو واہگہ بارڈر سے خصوصی گاڑیوں کے ذریعے سخت سیکورٹی کے حصار میں گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچایا گیا جہاں ان کا استقبال ضلع اٹک کے اعلی افسران سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کی جانب سے کیا گیا۔
یاتری تین روزہ قیام کے دوران مذہبی رسومات کی ادائیگی کریں گے۔ خصوصی تقریبات کے سلسلہ میں ریلوے اسٹیشن حسن ابدال میں بھی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جہاں 1922 میں پیش آنے والے واقع کی یاد کو تازہ کیا جائے گا اور اس کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔
یاتریوں کی حفاظت کے لیے پولیس اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال محمد عارف قریشی کی نگرانی میں ان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس سلسلہ میں سکھ یاتریوں نے ریلوے سٹیشن حسن ابدال پرمنعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کی قرباینوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا،آج ہم اس دن کے موقع پر تجدید عہد کرتے ہیں کہ سکھ اپنی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد عارف قریشی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کی تمام ضروریات کا خیال رکھا جارہا ہے، یہ ہمارے مہمان ہیں ان کی بڑھ چڑھ کر ہم خدمت کر رہے ہیں، روڈ کی صفائی کے ساتھ ساتھ انھیں بہترین کمرے فراہم کئے گئے ہیں۔
ڈی ایس پی حسن ابدال اعجاز حسین شاہ نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، ان کے بسوں کے ساتھ خصوصی دستے تعینات کئے گئے ہیں اور گوردوارہ کے اندر،باہر اور چھتوں پر پولیس نفری بھاری تعداد میں تعینات ہیں۔ ایلیٹ فورس کے دستے اور موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار کے ساتھ ساتھ لیڈیز پولیس بھی تعینات کی گئی ہے۔











