حصول انصاف وعدلیہ کی بالادستی کےلئے وکلا نے ہمیشہ مثبت کردار  اداکیا ہے؛وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ

17

پشاور،20اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑنے کہاہے کہ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی پر کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کیاجائے گا،آمریت دورمیں وکلاءنے جرانمردی وجوش کےساتھ جمہوریت کی بحالی اور ریاستی اداروں کے تحفظ کےلئے کام کیا، تحریک عدم اعتماد کو دبانے کی کوشش کی گئی تو بھی وکلاءمیدان میں آئے ، کالے کوٹ نے ملک میں حصول انصاف اور عدلیہ کی بالادستی کے لئے ہمیشہ اپنا مثبت کردار  اداکیا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے خیبرپختونخوا بارکونسل کے ای سروس آن لائن پیمنٹ سسٹم ویب سائٹ اینڈ اینڈرائیڈ ایپ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے بٹن دباکر ای سسٹم کا افتتاح کیا ۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انکا کے پی کے وکلاءکے ساتھ رشتہ پرانا ہے، حکومتوں کے آنے جانے اور موسم کی تبدیلی سے وکالت کے شعبے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی، سابقہ دورحکومت میں وکلاءکی فلاح وبہبودکی بہت سی چیزیں التواءکاشکار تھیں تاہم موجودہ حکومت نے وکلاءکے سالانہ گرانٹ کوپچاس کروڑتک بڑھاکر اسے رواں مالی سال کے بجٹ کاحصہ بنایا گرانٹ میں صوبوں کے بار کونسل کے حصے کا تعین محکمہ قانون کرے گا اس حوالے سے کوئی بھی بارایسوسی ایشن نظراندازنہیں ہوگی ۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ لائرز پروٹیکشن ایکٹ کو اب بل کی شکل میں لارہے ہیں بہت جلد یہ بل قانون کا حصہ ہوگاپشاورہائیکورٹ کے ججزکی تعدادمیں اضافے کے حوالے سے اعظم نذیر تارڑنے کہاکہ جج کی سیٹوں میں اضافہ پر اتنا کہوںگاکہ یہ آئینی مسئلہ نہیں ہے ججزکی تعدادمیں اضافے پر کام شروع ہے محکمہ خزانہ، اسٹیبلشمنٹ اور اے جی پی آر اس پر کام کررہے ہیں یہ معاملہ حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے اورانشاءاللہ آئندہ چند میں اس پر مثبت پیشرفت ہوگی ۔

وفاقی وزیرقانون نے کہاکہ وکلاءنے امریت کے خلاف ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے وکلاءہمارے دست وبازوں ہیں ملک میں پرامن انتقال اقتدار،ریاستی اداروں کے تحفظ اورمارشل دورمیں جمہوریت کی بحالی کےلئے وکلاءنے اہم کرداراداکیاہے عدم اعتماد دبانے کی کوشش کی گئی تو سپریم کورٹ بار کی درخواست پر عدالت چھٹی کے دن بھی آئی اور سماعت کی عدلیہ نے جمہوری عمل کے تسلسل اورپارلیمان کوشب خون مارنے سے بچانے کےلئے کرداراداکیاعدلیہ کی غیرجانبداری وآزادی ،حصول انصاف اورانسانی تحفظ کےلئے وکلاءہروقت متحرک ہیں کالاکوٹ ہمارا قیمتی اثاثہ اورحکومت ان کے حقوق سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی ۔

وفاقی وزیر  نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت وکلاءکے ووکیشنل کورسز میں فنڈآڑے نہیں آنے دیگی وکلاءکے ویلفیئرفنڈمیں اضافہ کرینگے سپریم کورٹ وکلاءکی ہاﺅسنگ سکیم کے الاٹمنٹ لیٹردیدئیے جاچکے ہیں جہاں ایف سی کی نگرانی میں تعمیراتی کام شروع کیاجائے گا۔

آخرمیں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑنے خیبرپختونخواکے مختلف اضلاع کے بارایسوسی ایشنزکے صدورمیں گرانٹ کے چیک تقسیم کئے۔اس موقع پر بارکونسل کے وائس چیئرمین محمدعلی ،ایگزیکٹیوکمیٹی چیئرمین الیاس خان،احمدفاروق ،سپریم کورٹ بارکونسل ممبران سیدامجدشاہ،طارق آفریدی ،خوشدل خان کے علاوہ پشاورہائیکورٹ وڈسٹرکٹ پشاوربارایسوسی ایشنزکے صدورسمیت صوبے کے دیگر بارایسوسی ایشنزکے صدوراوروکلاءبھی موجود تھے۔