راجہ بشارت سے ہائیکورٹ بار راولپنڈی کے وفد کی ملاقات

4

لاہور، 30 ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ سے آج یہاں ان کے آفس میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی بینچ کے وفد نے صدر طلعت محمود زیدی کی قیادت میں ملاقات کی۔ سیکرٹری بار ایسوسی ایشن ملک خرم شہزاد، سنیئر نائب صدر ملک مبشر، نائب صدر نبیلہ رباب، سابق ایڈووکیٹ جنرل عرفان احمد نیازی بھی وفد میں شامل تھے۔ ملاقات کے دوران راولپنڈی میں ملک کے پہلے لائرز ہسپتال کی جلد تکمیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ پانچ منزلہ لائرز ہسپتال کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے جلد وزیراعلی چوہدری پرویز الہی افتتاح کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ لائرز ہسپتال میں وکلا، انکی فیملیز اور عدالتی سٹاف کو علاج معالجے کی سہولت دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمارت میں ضروری آلات اور عملے کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا اپنا تعلق راولپنڈی بار سے ہے وہاں کے مسائل کو حل کرنا میری ترجیحات میں شامل ہے۔ راجہ بشارت نے کہا کہ چیئرمین عمران خان انصاف کی فراہمی کو معاشرے کی بہتری کیلئے نہایت ضروری سمجھتے ہیں۔ پنجاب حکومت وکلا برادری کی فلاح کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ صدر بار طلعت محمود زیدی اور سیکرٹری خرم شہزاد نے وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ لائرز ہسپتال راولپنڈی کے منصوبے کا کریڈیٹ راجہ بشارت کو جاتا ہے۔