پاک فضائیہ کی جانب سے سیلاب زدگان کی بہبود کے لیے طبی امداد اور بحالی کی کوششیں جاری

2

اسلام آباد، یکم اکتوبر (اے پی پی): پاک فضائیہ خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کی سیلاب سے متاثرہ آبادی کی بحالی اور طبی امداد کی فراہمی میں سرگرم عمل ہے۔ پاک فضائیہ کے اہلکار سیلاب زدگان کی فلاح و بہبود کے لیئے خوراک، رہائش، پینے کے پانی اور طبی امداد جیسی بنیادی ضروریات کی بروقت فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔

پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کی انتھک کوششوں کی بدولت سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل ایک اہم مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور ان کے معمولات زندگی بحالی کی طرف گامزن ہیں۔

پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپس مریضوں کے بروقت علاج جبکہ پاک فضائیہ کے میڈیکل لیب کلیکشن پوائنٹس سیلاب سے متاثرہ افراد میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی تشخیص میں سرگرم عمل ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 17,140 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 315 پانی کی بوتلیں اور 402 بنیادی غذائی اجناس پر مشتمل خشک راشن کے پیکٹ  تقسیم کیئے۔

 مفت خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں میڈیکل ٹیموں نے 1938 مریضوں کا مفت طبی معائنہ بھی کیا۔