رحیم یار خان،21 اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ اس ضلع کی مٹی مٹھاس ، خلوص ، بھائی چارہ اور محبت سے مالا مال ہے، یہ ضلع پنجاب کا گیٹ وئے ہے ۔ صنعتی ، ایگریکلچر ، ثقافتی لحاظ سے اس ضلع کو نمایاں مقام حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کا قیام نا صرف ملکی معیشت میں بہتری کا باعث ہے بلکہ مقامی طور پر لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے ۔
سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ ہم نے دنیا کا مقابلہ کرنا ہے تو اپنی تاجر برادری کو سہولیات سے آراستہ کرنا ہو گا، انڈسٹریل اسٹیٹ کی توسیع کے لیے فیز ٹو پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ انڈسٹریل اسٹیٹ ملک کی مڈ وئے انڈسٹریل اسٹیٹ ہے جبکہ اس ضلع کا چیمبر آف کامرس نہایت متحرک ارکان پر مشتمل ہے ، چیمبر آف کامرس کے عہدیداران کی جانب سے جو تجاویز فراہم کی گئی ہیں اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کو موٹر وئے ، ائیر پورٹ اور ریلوے سے منسلک کرنے کے لئے شاہرات کی تعمیر کے حوالہ سے اپنی سفارشات متعلقہ حکام کو پہنچائی جائیں گی اور گیس کی فراہمی کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی کے لیے متبادل ذرائع پر بھی کام کر رہی ہے۔
سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ صنعتوں کی کامیابی و ترقی میں لیبر ریڑھ کی ہڈی کا کردار رکھتی ہے، لیبر کی فلاح و بہبود اور انہیں سہولیات فراہم کئے بغیر مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے ، لیبر کو سہولیات فراہمی بالخصوص ہسپتال کے قیام کے لئے ترجیحی اقدامات کیے جائیں گے ، سوشل سیکورٹی ہسپتال کی جگہ دستیاب ہے اس کی تعمیر کے لئے فوری اقدامات کریں گے جبکہ لیبر کالونی کے لئے ڈپٹی کمشنر جگہ کی نشاندہی کریں اس پر فوری کام کیا جائے گا۔
سیکرٹری انڈسٹریز نے کہا کہ سموگ کے خاتمہ کے لئے صنعتکاروں کو حکومتی ہدایات پر عمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز چھوٹے سرمایہ کاروں کو آسان شرائط پر قرضے دے رہا ہے، پانچ ماہ میں تقریبآ ڈھائی ارب کے قرضے دیئے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر صدر چیمبر آف کامرس نے ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ سیکرٹری انڈسٹریز کو تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا ۔صدر چیمبر آف کامرس اقبال حفیظ نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا پاک چائنہ کاریڈور سے منسلک ہونے کے باعث پلاٹس کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے، انڈسٹریل اسٹیٹ کی اراضی میں ایک ہزار ایکڑ تک اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سکھر ، حیدرآباد موٹر وے پر تیزی سے کام جاری ہے، موٹر وے کی تکمیل سے سندھ کے بزنس مین بھی انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعت لگانے کے خواہشمند ہیں۔
نائب صدر میاں سعد حسن نے کہا کہ بارش کے باعث انڈسٹریل اسٹیٹ کی چار دیواری ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اس کی مرمت کی جائے، انڈسٹریل اسٹیٹ ملازمین کے لئے ہاؤسنگ کالونی بنائی جائے۔
ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز ،ڈپٹی کمشنر عبد الطیف خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔











