رحیم یار خان؛ ضلع میں تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا گیا

10

رحیم یار خان، 22اکتوبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عبد الطیف خان نے شیخ زید ہسپتال  میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبد الطیف خان نے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، ہم سب کو مل کر قوم کے نونہالوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کی ذمہ داری پوری کریں۔

ڈپٹی کمشنر عبد الطیف خان نے کہا کہ ضلع میں اس مہم کے دوران 10 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔ خانہ بدوش خاندانوں ، چولستانی اور دریائی علاقوں پر اس مہم کے دوران خصوصی توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی خصوصی مانیٹرنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سلیم لغاری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان ،ایم ایس ڈاکٹر آغا توحید نے بھی اس موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔