سکھر،04اکتوبر(اے پی پی): ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے عین الحق نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور نجی ٹی وی چینلوں پر چلنے والی ریلوے ٹرین آپریشن معطل ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں انہوں نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بکنگ بند کرنے اور مسافروں کو ری فنڈ کرنے کے حوالے سے جاری جس نوٹیفکیشن کو جواز بناکر ٹرین آپریشن دوبارہ معطل ہونے کی خبریں چلائی جارہی ہیں اس کی وضاحت ضروری ہے کیونکہ یہ نوٹفکیشن ان ٹرینوں کی بکنگ کے لیے جا ری کیا گیا ہے جو ابھی چلائی نہیں جارہی ہیں مگر ہمارے بکنگ آفسز میں ان کی بکنگ کی جارہی تھی۔ ان کاکہنا تھا کہ ہمارے ٹریک بارشوں سے ضرور متاثر ہوئے ہیں،روہڑی۔تا خانپور ٹریک۔بلکل ٹھیک ہے تاہم روہڑی تا ٹنڈو آدم ٹریک پر کئی جگہ پانی جمع تھا جسے اب بھی نکالا جارہاہے اورٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے،اس حوالے سے ہمیں ہیڈکوارٹر سے بھرپور سپورٹ ملی ہے۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے عین الحق نے مزید کہا کہ خود وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق خود بھی معائنہ کرچکے ہیں اور انہوں نے باقی ڈویژنز کے ریسورسز بھی ہمیں دیئے ہیں، ٹریک اب بھی کچھ مقامات پرزیرآب ہے مگر اس کو سیکیور کرلیا گیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث ریلوے کا مواصلاتی نظام بھی شدیدمتاثر ہوا ہے اس کو بھی ٹھیک کررہے ہیں،جیکب آباد ڈیرہ الہیار ٹریک کوکلیئر کرالیاہے،جلد سبی تاکوئٹہ ٹریک بھی سیکیور کرلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریک کی زبوں حالی کے حوالے سے سکھر ڈویژن کی ماضی میں جاری کردہ رپورٹ کا علم نہیں مگر زبوں حالی کا مطلب یہ نہیں کہ ختم ہوچکا ہے اگر ایسا ہوتا گاڑیاں کیسے چلارہے ہوتے۔











