سکھر,03اکتوبر (اے پی پی): سول ڈیفنس کے رضاکار 12 ربیع الاول کے موقع پر فوج اور دیگر اداروں کے شانہ بشانہ ہونگے۔ ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس ڈاکٹر شہزاد طاہر تھیم کی خصوصی ہدایات پر سول ڈیفنس آرگنائزیشن کا اجلاس بسلسلہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم زیر صدارت ایڈیشنل کنٹرولر سول ڈیفنس امیرالدین عباسی کے منعقد ہوا،اجلاس میں ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان،پوسٹ وارڈن آغا اکرم درانی،حاجی ریاض کھوکھرو دیگرنے شرکت کی۔
جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے 12 ربیع الاول کے عظیم الشان مرکزی جلوس کے موقع پر رینجرز اور پولیس کے شانہ بشانہ سول ڈیفنس کے رضاکار ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان کی قیادت میں خدمات انجام دیں گے۔اس کے لئے تمام رضاکاروں کو طلب کر لیا گیا۔ڈیوٹی لیٹرز جاری کر دیئے گئے ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کنٹرولر امیرالدین عباسی نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا جشن ولادت منانے والوں کو برکت،عزت،عظمت،بھلائی اورفخر ملے گا،ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے سول ڈیفنس فوج سمیت دیگر اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سول ڈیفنس آرگنائزیشن آج کے دور میں خدمت خلق کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ تمام رضاکار ماہ ربیع الاول میں ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں۔شہری دفاع ہماری ذمہ داری ہے۔











