سیلاب متاثرین کی مدد میں کوئی سیاست نہیں بلا امتیاز مدد کر رہے ہیں؛ وزیراعظم شہباز شریف

10

اسلام آباد،20اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے  کہا ہے کہ  ذاتی و سیاسی پسند اور ناپسند اور مفادات سے بالا ترہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے کام کیاجائے،  اس مشکل صورتحال میں کسی کو ناجائز منافع خوری کرنے اور عوام پر بوجھ  ڈالنے نہیں  دیں گے۔

وہ جمعرات کو  یہاں اپنی زیر صدارت نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹرمیں منعقدہ جائزہ اجلاس  سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ  سیلاب  متاثرین کی مدد ،بحالی اور آبادکاری کے کام میں ہمیں سیاست سےمکمل پرہیز کرناچاہیے، وفاقی حکومت نے متاثرین  کی بحالی اور ریلیف کےلئے بھرپور طریقےسے کام کیا ہے۔ اب تک 66 ارب روپے  متاثرین میں تقسیم ہو چکے ہیں۔ ایک لاکھ 10 ہزار خاندانوں کو یہ رقم جلد منتقل ہوجائے گی۔ وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں اور گلگت بلستان اور آزاد کشمیر میں تمام متاثرین  کے لئے اقدامات کئے ہیں اور  جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کو 10 لاکھ  روپے فی کس کا پیکج دیا ہے۔ سیلاب سے 1700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے شفاف طریقے سے یہ رقوم تقسیم کی ہیں۔ وفاقی حکومت  کی طرف سے اب تک اس کے حصے کے مطابق 88 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ زخمیوں کے لئے جو پیکج دیا گیاتھا اس کی تقسیم بھی جاری ہے۔ چاروں صوبوں  اور متاثرہ علاقوں میں  این ڈی ایم اے کے ذریعے خوراک ، ادویات، خیمے ، مچھر دانیاں اور پانی ضرورت  کےمطابق فراہم کئے گئے ہیں اور ہر صوبے کی ضرورت کو مد نظر رکھا گیا ہے۔