کوئٹہ، 13 اکتوبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے،فزیوتھراپسٹس کے لیے صحت سمیت دیگر محکموں میں مرحلہ وار آسامیاں تخلیق کی جائینگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھرنے پر بیٹھے بلوچستان فزیوتھراپسٹ ایسوسی ایشن کےچئیرمین راشد رحمت کی قیادت میں نمائندہ وفد سے گفتگو میں کیا۔ملاقات صوبائی وزراء، میر اسداللہ بلوچ، مبین خان خلجی، رکن صوبائی اسمبلی مولوی نور اللہ اور چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اور جب سے ہم نے حکومت سنبھالی ہے ہم نے تمام دھرنوں اور احتجاجوں کا بات چیت کے ذریعے موثر خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فزیوتھراپسٹس کے مسائل حل کئے جائیں گے اور ان کے لیے صحت سمیت دیگر محکموں میں مرحلہ وار آسامیاں تخلیق کی جائینگی۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فزیوتھراپسٹس کی آسامیوں کی تخلیق سے متعلق سمری ارسال کی جائے۔ وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دھرنا ختم کرنے کی یقین دہانی بھی کی۔











