لاہور، 19اکتوبر (اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ہدایت کی ہے کہ فراہمی آب کی سکیموں کو غیر فعال ہونے سے بچانے کے لئے سولر پر منتقل کیا جائے۔
یہ ہدایت سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کی صاف پانی کی فراہمی کی سکیموں پر پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔اجلاس میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کی صاف پانی کی فراہمی کی سکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔سی ای او پنجاب آب پاک اتھارٹی زاہد عزیز نے فراہمی آب کی جاری سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی۔
سینئر وزیر میاں اسلم اقبال نے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کی سکیموں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نہروں اور بارش کے پانی کوپینے کے لئے استعمال میں لانے کا پلان طلب کر لیا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد،قصور، ملتان، ڈی جی خان اورراولپنڈی میں صاف پانی کی فراہمی کی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائیں اور میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔
سینئر وزیر نے ہدایت کی کہ فراہمی آب کی سکیموں کو غیر فعال ہونے سے بچانے کے لئے سولر پر منتقل کیا جائے۔ سینئر وزیر نے فراہمی آب کی سکیموں کے حوالے سے پنجاب آب پاک اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہا۔
سی ای او پنجاب آب پاک اتھارٹی زاہد عزیز نے بتایا کہ نہر کے پانی کو پینے کے قابل بنانے کے لئے رینالہ خورد میں منصوبے پر کام جاری ہے اور پانچ شہروں میں صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ مجتبیٰ کرامت اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔











