نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے؛ میاں اسلم اقبال

10

لاہور، 19اکتوبر (اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بے گھر افراد کو اپنی چھت کی فراہمی کے لئے کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے۔

ان خیالات  کا  اظہار سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے  پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے بورڈ کا 89 واں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں  کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے لئے ڈویلپر کو فراہمی و نکاسی آب کا مکمل پلان دینے کا پابند کیا گیا ہے۔پالیسی کے مطابق کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں میں 20فیصد کوٹہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لئے مختص ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کے سکیموں میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ حکومت عام آدمی کو چھت کی فراہمی کی سکیموں کی تیزی سے تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔

  اجلاس میں راولپنڈی میں 1974ء میں کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کے لئے حاصل کی گئی زمین کی عدالت عالیہ (راولپنڈی بینچ) کی ہدایت کی روشنی میں ورثاء کو ادائیگی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ ادائیگی کے معاملے کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی اور یہ کمیٹی دو ہفتے کے اندر سفارشات مرتب کرکے بورڈ کے اجلاس میں پیش کرے گی۔