عمران خان کے لانگ مارچ کی وجہ سے ملکی معاشی صورتحال بری طرح متاثر ہو رہی ہے؛فیصل کریم کنڈی

10

اسلام آباد،30اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی اور ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ کی وجہ سے ملکی معاشی صورتحال بری طرح متاثر ہو رہی ہے، آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔

اتوار کو یہاں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کو سلو مارچ کہہ سکتے ہیں، وہ وقتاً فوقتاً مارچ سے غائب ہو کر لاہور چلے جاتے ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ کوئی بات چیت کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے، عمران خان کے لانگ مارچ سے معاشی صورتحال بری طرح متاثر ہو رہی ہے، اس کے اپنے وزیر فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس لانگ مارچ کے کیا مقاصد ہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں اور پرامن جلسے اور جلوسوں پر یقین رکھتے ہیں۔

 ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صحافی ارشد شریف کو لانگ مارچ سے نتھی کیا، میں خود ان کی والدہ سے ملا ہوں، پی ٹی آئی ان کی شہادت پر سیاست کر رہی ہے، ہم اس طرح کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے بلاول بھٹو زرداری کے حوالہ سے غلط خبر منسوب کی ہے کہ انہوں نے ارشد شریف کے حوالہ سے خط لکھا ہے، اس حوالہ سے بلاول بھٹو نے کوئی خط نہیں لکھا، اس طرح کی غلط خبر چلانا کسی کوزیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ اس وقت احتجاج یا لانگ مارچ کرتے ہیں جب چین کے ساتھ کوئی نہ کوئی دورہ ہوتاہے، وزیراعظم شہباز شریف ایک دو دن میں چین جا رہے ہیں وہاں پر وہ چینی حکام سے گفتگو بھی کریں گے،  اس سے قبل پی ٹی آئی کے دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر کوپاکستان کا دورہ ملتوی کرنا پڑاتھا جب بھی چین یا سی پیک کی بات آتی ہے تو پی ٹی آئی کو مارچ یادھرنا یاد آتاہے۔

 ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کوبھارت سراہتاہے، پی ٹی آئی ملک میں معاشی بحران پیداکرنا چاہتی ہے، عمران خان کو اگر الیکشن کرانے کا شوق ہے تو انہیں خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کو توڑنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کے بہت سے تحائف ڈیکلیئر نہیں کئے، الیکشن کمیشن نے انہیں توشہ خانہ ریفرنس پر نااہل کیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ان کی دس سال حکومت رہی ہے تاہم وہاں پر امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے، عمران خان نے اپنے چار سالہ دور اقتدار کے بعد خود تسلیم کیا کہ وہ ڈمی وزیراعظم تھا اور ان کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا، ہم پروہ جو الزامات لگاتے تھے عمران خان کے والد بھی کرپٹ تھے اور ان کو بھی الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں نااہل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیلابی صورتحال ہے اور لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچا ہے، عمران خان نے ٹیلی تھون سے جو 15 ارب روپے سیلاب متاثرین کیلئے جمع کئے ان پر خرچ کر تے نظر نہیں آ رہے، ایسا نہ ہو کہ بعد میں پتہ چلے کہ یہ رقم مارچ پر خرچ کی گئی ہے ۔

 ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو شخص عافیہ صدیقی کو بچانے کیلئے نکلا تھا تو انہوں نے فرح گوگی کی وکالت شروع کی، انہوں نے قوم سے کہا کہ انڈے مرغیاں بیچو اور خود فرح گوگی کے ذریعہ پنجاب میں کرپشن کی۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی گذشتہ روز ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، علی امین گنڈا پور پر بہت سے مقدمات ہیں ان کا جواب کون دے گا، انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ علی امین گنڈاپور کو قتل کے مقدمہ میں گرفتارکیا جائے۔