عوامی مسائل کو میرٹ پربر وقت حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے؛ اسسٹنٹ کمشنرآمنہ احسان

30

اوکاڑہ،یکم اکتوبر(اےپی پی): اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کو میرٹ پر بر وقت حل کرنا اور لوگوں کے ریلیف کے لئے اقدامات ہماری اولین ترجیح ہے،پنجاب حکومت نے لوگوں کو ریلیف پہنچانے کے لئے جو پالیسیاں بنائی ہیں ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں لوگوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرتمام سرکاری محکموں کے ضلعی سر براہان بھی موجود تھے۔

اسسٹنٹ کمشنرآمنہ احسان نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہری جہاں زمینداروں کے زمین اور جائیداد سے متعلق معاملات کو موقع پر حل کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے وہیں پر ریونیو افسران کی کارکردگی اور درخواستوں کو میرٹ پر نمٹانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ دیہات کی سطح پر مراکز مال کو فعال بنانا کاشتکاروں اور دیہی آبادی کے مسائل کو حل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

 اسسٹنٹ کمشنرآمنہ احسان نے کہا کہ لوگوں کوزمینوں کے انتقالات، فردکےحصول، فردبنوانے ،سرکاری واجبات کی ادائیگی سمیت ریونیو سے متعلق معاملات کو حل کرنے کے لئے تمام محکمہ کو خصوصی ہدایات جاری کی ہوئی ہیں جن کی روشنی میں تمام محکمے لوگوں کی سہولت کے لئے کمر بستہ ہیں۔