اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے جمعہ کو ”صلو علیہ وآلہ” خطاطی نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تہذیب اسلامی میں فن خطاطی کو نمایاں حیثیت حاصل ہے، خطاط واصل شاہد نے اپنے فن پاروں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اپنے دین اور مذہب کے ساتھ محبت کے کئی رنگ ہیں جن میں سے خطاطی ایک ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ربیع الاول کے مہینے میں ہم نبی کریم ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار مختلف طریقوں سے کرتے ہیں، نبی اکرم ﷺۖسے محبت ہمیں اپنی زندگی میں نظم سکھاتی ہے اور عشق رسول ﷺفرد اور اجتماعی زندگی میں نظم کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔ مشیر اُمور کشمیر نے کہا کہ خطاطی کے یہ حروف صرف حروف نہیں بلکہ نظم کا ایک پورا نظام ہے اور اگر ہم اپنی زندگی میں نظم و ضبط پیدا کریں تو ہم بہترین انسان بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ سے محبت کا بھرپور اظہار ان کی دی ہوئی ہدایات پر عمل ہے جس سے نہ صرف ہم بہترین انسان بن سکتے ہیں بلکہ ہم اپنے کردار سے پوری دُنیا کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔ نمائش میں خط ثلث اور نستعلیق میں سونے کے ورق کے ساتھ کئے گئے 20 فن پارے پیش کئے گئے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے تمام فن پاروں کا بغور جائزہ لیا او معروف خطاط واصل شاہد کی صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کی۔ آخر میں مشیر اُمور کشمیر کو شیلڈ اور خطاطی کا فن پارہ پیش کیا گیا۔











