قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے  پر پیر  تک ملتوی

7

اسلام آباد،14اکتوبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر جی ڈی اے کے رکن غوث بخش مہر نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی۔ قائم مقام سپیکر زاہد اکرم درانی نے گنتی کا حکم دیا، ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے کی وجہ سے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے ۔

قبل ازیں  قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس وقت پر شروع کرنے کی روایت ڈالی جائے، وقت کی پابندی کریں گے تو سب کو عادت پڑ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور مدر آف ڈیموکریسی ہے، ہمیں اس کے تقدس کا ہر ممکن طریقے سے خیال رکھنا چاہیے، سپیکر اجلاس کے وقت پر ایوان میں آئیں، اگر کوئی بھی یہاں موجود نہ ہو تو وہ ملتوی کرکے چلے جائیں۔