لاہور،07 اکتوبر ( اے پی پی): آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی زیر صدارت عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اجلاس میں صوبے کے تمام آر پی اوز نےبذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے صوبہ بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 1447 محافل اور 2400 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 72 ہزار سے زائد اہلکار، افسران اور والنٹیئرز تعینات ہونگے ۔ آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر میں عید میلادالنبیﷺ کی محافل اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کا حکم دیا اور کہا کہ لاہور میں جلوس اور محافل کی سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں صوبائی دارالحکومت میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے،سنٹرل پولیس آفس میں کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے ضلعی سطح پر بھی کنٹرول رومز فعال کئے جائیں ،اے، بی اور سی کیٹیگریز کے جلوسوں اور محافل کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔مرکزی مساجد اور مذہبی مقامات پر منعقدہ محافل نعت کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے،ضلعی سطح پر قائم امن کمیٹیوں اور مقامی علماۓ کرام سے مل کر بہتر کوارڈینیشن کی جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی ،سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آرپی نے شرکت کی۔











