اسلام آباد، 07 اکتوبر ( اےپی پی): پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاپا جی نے کہا ہے کہ ترکیہ اب تک امدادی سامان کی 13 ٹرینیں، 2 ٹرک، 15 طیارے بھیج چکا یے اور مزید امدادی بحری جہاز بھی بھیجے جا رہے ہیں۔
ترکیہ سفارتخانے میں آج صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس ماہ ترک وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت،سرمایہ کاری، عوامی ربط، دفاعی تعلقات کے فروغ پر گفتگو کے علاوہ ٹیکسٹائل، زرعی شعبے میں تعاون اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ میولت چاواشولو کے دورہ پاکستان سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات اور تجارت کو مزید فروغ ہوگا جس کے وسیع امکانات موجود ہیں اور ہم باہمی تجارت 5 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔ ترکیہ کے سفیر نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ بری، بحری اور فضائی شعبے میں تعلقات مزید بہتر بنانے کا خواہش مند ہے۔ترکیہ پاکستان کو شعبہ طب میں جدید خطوط پر راہنمائی فراہم کرسکتا ہے اسی طرح ہم سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ کے مابین ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات سمیت بیشتر شعبہ جات میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان آنے کے بعد پاکستان کے وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی تجارت کا فروغ بنیادی نقطہ تھا۔
ترکیہ کے سفیر مہمت پاچا جی نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب، تباہ کاریوں اور جانی و مالی نقصانات پر شدید دکھ ہے، پاکستان میں سیلاب کے بعد سے ترکیہ کے تمام ادارے امداد، بچاؤ کی سرگرمیوں میں متحرک ہیں، بچاؤ اور امداد کا مرحلے میں قدرتی آفت سے نمٹنے کا ترک ادارہ پاکستان پہنچا اورآج بھی کام کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں شعبہ طب میں انتہائی قابل ڈاکٹرز، پیرامیڈک سٹاف موجود ہے۔ ترکیہ، پاکستان کو صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں ہر ممکن مدد دے سکتا ہے، پاکستان کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔











