مظفرگڑھ؛کشتی کے دنگل کا انعقاد،پہلوانوں کے زبردست داو پیچ کے مظاہرے،شائقین کی بھرپور داد

36

مظفرگڑھ،18 اکتوبر(اے پی پی):کوٹ ادو میں دری 29000 ہزار کے مقام پر آل پاکستان موہانہ ایسوسی ایشن کی طرف سے پہلوانوں کے دنگل کا انعقاد کیا گیا،دنگل میں مقامی اور باہر سے آئے ہوئے پہلوانوں نے کشتی کے مقابلوں میں حصہ لیا،موہانہ برادری کے چیف ملک عباس موہانہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

کشتیوں کے مقابلے دیکھنے کےلئے ہزاروں کی تعداد میں مقامی اور دوردراز کے علاقوں سے آئے ہوئے فن پہلوانی کے شائقین نے شرکت کی اور مقابلوں میں حصہ لینے والے پہلوانوں کو خوبصورت کھیل پیش کرنے پر دل کھول کر داد بھی دی ۔ جیتنے والے پہلوانوں کے مداحوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے۔

 کشتیوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے پہلوانوں نےزبردست داوپیچ کے مظاہرے سے شائقین کے دل جیت لئے، مانی پہلوان موہانہ اور بگا پہلوان موہانہ  نے بڑے مقابلے جیت کر اپنے فن پہلوانی کا لوہا منوایا اور زبردست داد وصول کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ فن پہلوانی پنجاب کی ثقافت کا حصہ ہے،اس کا شمار مقبول اور پسندیدہ کھیلوں میں کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی نہ ہونے سے  گو یہ کھیل اب زوال پذیر ہے لیکن اس کی مقبولیت میں کمی نہیں ہوئی، ہزاروں کی تعداد میں موجود شائقین اس کا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ موہانہ ایسوسی ایشن کی اس خوبصورت روایت اور کھیل کو زندہ رکھنے کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔انہوں نے حکومت سے بھی فن پہلوانی کی سرپرستی کرنے اور اس کھیل کو فروغ دینے کےلئے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔