ملتان؛ ایک روزہ فری فزیو تھراپی میڈیکل کیمپ کا انعقاد

58

ملتان، 22 اکتوبر (اے پی پی ):ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور رمز کالج ملتان کے زیراہتمام ھادی فزیو تھراپی سنٹر ممتاز آباد ملتان میں ایک روزہ فری فزیو تھراپی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح ڈائریکٹر حج ملک ریحان عباس کھوکھر، سماجی رہنما صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، ممتاز مذہبی سکالر پروفیسر عبدالماجد وٹو، علی رضا مرزا، الشفاء لیبارٹری و ایکسرے کے اونر محمد وسیم اور ڈاکٹر ارسلان حیدر نے کیا۔

 فری فزیو تھراپی کیمپ میں معروف فزیو تھراپیسٹ ڈاکٹر ارسلان حیدر اور خاتون فزیو تھراپیسٹ ڈاکٹر لاریب فرید نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا۔ انہیں فزیو تھراپی کے ذریعے علاج معالجے کی سہولتیں دیں اور انتہائی کم قیمت میں ایکسرے اور لیبارٹری ٹیسٹ کئے گئے۔ فری فزیو تھراپی کیمپ سے پیدائشی معذور بچوں، خواتین، بزرگ افراد سمیت نوجوانوں نے  بھی بڑی تعداد میں استفادہ کیا۔ فزیو تھراپی کیمپ میں فالج، لقوہ، کمر درد، پٹھوں کے مسائل، جوڑوں کے درد، مہروں کے مسائل و دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔

 اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نعیم اقبال نعیم اور پروفیسر عبدالماجد وٹو نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت دنیا و آخرت میں کامیابی کا زینہ ہے، ہمیں اپنے بہن، بھائیوں کو صحت کی سہولتیں دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے فری فزیو تھراپی کا کیمپ کا انعقاد اچھا اقدام ہے۔انہوں  نے کہا کہ  آجکل لوگوں میں فزیو تھراپی کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ روزہ مرہ کے مختلف معمولات ہیں، ہمارے ہاں ورزش کا رواج ختم ہورہا ہے لوگ کثرت نہیں کرتے آسائشوں اور آسانیوں کے سبب ان مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔

 معروف فزیو تھراپیسٹ ڈاکٹر ارسلان حیدر نے کہا کہ فزیو تھراپی کے ذریعے بہت سے پیچیدہ مسائل فالج، لقوہ، مہروں اور پٹھوں کے مسائل اور جوڑوں کے درد کا علاج بغیر ادویات کے ممکن ہے، ہم ھادی فزیو تھراپی کلینک ممتاز آباد میں اس علاقے کی عوام کو ہرممکن فزیو تھراپی کی سہولتیں دے رہے ہیں اور اگر کوئی مریض کلینک نا آسکے تو ہم ان کو گھر پر انتہائی معمولی فیس پر علاج کی سہولت دیتے ہیں تاکہ لوگوں کو تکلیف سے نجات حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ  فزیو تھراپی میں میڈیسن کا استعمال کم سے کم نا ہونے کے برابر کرتے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی، آلات و مشینوں سے علاج معالجہ کیا جاتا ہے، فری فزیو تھراپی کیمپ کا مقصد لوگوں میں شعور و آگاہی اور علاج کی سہولیات دینا ہے ہم مستقبل میں بھی ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور رمز کالج کے اشتراک سے یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔