ملتان،04 اکتوبر (اے پی پی ): وائس چانسلر نشتر میڈیکل پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین کی جانب سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی سے ریٹائر ہونے والے فیکلٹی ممبران کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام نشتر میڈیکل یونیورسٹی سٹاف کلب میں کیا گیا۔
اس موقع پر تقریب کے شرکاء نے پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ، پروفیسر ڈاکٹر شاہد انصاری ، پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ ، پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد ، پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد ، پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس انجم اور پروفیسر ڈاکٹر خالد عثمان کی نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے لیے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے اپنے خطاب میں کہا کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں خدمات انجام دینے والے یہ تمام اساتذہ طبی مہارت اور پیشہ وارانہ صلاحیت میں اپنی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے جس دیانتداری، لگن سے نشتر یونیورسٹی میں فرائض سر انجام دئیے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔
دوسری جانب ریٹائر ہونے والے فیکلٹی ممبران نے اس پروقار تقریب کے انعقاد پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین کا شکریہ ادا کیا ۔











